سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی طرف سے ترسیلات زر کی شرح میں 28.9 فیصد اضافہ

سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی طرف سے ترسیلات زرملک بجھوانے کی شرح میں جاری مالی سال کے پہلے چارمہینوں میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 28.9 فیصد اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکراکتوبر2020 تک کی مدت میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 2.715 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 28.9 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کے پہلے چارمہینوں میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 2.106 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا. اعدادوشمارکے مطابق اکتوبر2020 میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 634.8 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا، گزشتہ سال اکتوبرمیں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 549.9 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔موجودہ حکومت کی جانب سے قانونی ذرائع سے ترسیلات زرارسال کرنے کی حوصلہ افزائی کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے نتیجہ میں جاری مالی سال کے پہلے چارماہ میں بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زرملک ارسال کرنے کی شرح میں مجموعی طورپر26.5 فیصد اضافہ ہواہے، جولائی سے لیکراکتوبر2020 تک کی مدت میں بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں نے 9.43 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں نے 7.754 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔