ہماری بولنگ دنیا کی تیز ترین بولنگ ہے ، شائقین کرکٹ ہمیں سپورٹ کرنے آئے ان کا بہت شکریہ: بابر اعظم

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا تاج اپنے سر سجا لیا۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا جہاں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان نے پہلےکھیلتے ہوئے 20 اوورز میں 8 وکٹ پر137 رنزبنائے جواب میں انگلینڈ نے 138 رنز کا ہدف 19 اوورز میں 5 وکٹ پر پورا کردیا۔فائنل میں شکست کے بعد پوسٹ میچ پریزنٹیشن میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ انگلینڈ کو جیت کے لیے مبارک باد دیتا ہوں جبکہ شائقین کرکٹ ہمیں سپورٹ کرنے آئے ان کا بہت شکریہ۔ہمارا جہاں بھی میچ ہوا ہمیں بہت سپورٹ ملی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے فائنل میں پہنچنا اعزاز رہا ،میرے خیال سے ہم نے 20 رنز کم بنائے ہماری بولنگ دنیا کی تیز ترین بولنگ ہے ،بدقسمتی سے شاہین آفریدی انجری کا شکار ہوئے ۔ان کا کہنا تھا کہ دباؤ نہیں لیا، وکٹیں جلدی گرتی چلی گئیں، پارٹنر شپ بنانے کی وجہ ڈاٹ گیندیں زیادہ ہوگئیں، اس وقت ایک اچھی پارٹنرشپ کی اشد ضرورت تھی، ڈاٹ بالز پاکستان ٹیم کی خامی رہی ہے جس کو دور کرنا ہوگا۔