سکیورٹی فورسز کی کارروائی، دہشتگرد جہنم واصل، 2 سپاہی شہید
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں ایک دہشت گرد جہنم واصل جبکہ دو سپاہی وطن پر قربان ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی میں ہوا، فائرنگ کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ سپاہی عبداللہ اور سپاہی محمد سہیل شہید ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا موثر انداز میں سراغ لگایا، علاقے میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔