35 حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے مہم ختم، پولنگ کل ہوگی
قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں پولنگ کل ہوگی۔ ضمنی الیکشن میں قومی اسمبلی کی گیارہ اور صوبائی اسمبلیوں کی چوبیس نشستوں پر میدان سجے گا۔ قومی اسمبلی کے لیے اسلام آباد سے ایک، پنجاب سے آٹھ، سندھ سے ایک اور خیبر پختونخوا سے ایک نشست پر انتخاب ہوگا۔ صوبائی اسمبلیوں کے لیے پنجاب کے گیارہ، سندھ کے دو، خیبر پختونخوا کے نو اور بلوچستان کے دو حلقوں میں بھی ضمنی الیکشن ہوگا۔
الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں سترہ سو ستائیس پولنگ اسٹیشنوں کو حساس قرار دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق تمام پولنگ اسٹیشنوں میں انتخابی مواد پہنچا دیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی کی گیارہ نشستوں کے لئے کل ایک سو بائیس امیدوار میدان میں ہیں۔ الیکشن کمیشن نے ان حلقوں میں پولنگ کے لئے ترمیم شدہ ووٹر لسٹ متعلقہ ضلعی حکام کے حوالے کر دی ہے۔ پولنگ کا عمل صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔ ضمنی الیکشن کیلئے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں ۔ پاک فوج کے جوان پولنگ اسٹیشنز کے اندار اور باہر تعینات ہوں گے۔