میئر کراچی کے ڈائریکٹر کوارڈینیشن کے گھر پر فائرنگ
میئر کراچی وسیم اختر کے ڈائریکٹر کوارڈینیشن اور سابق ڈائریکٹر سٹی وارڈن عمران احمد کے گھر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی ہے ۔
تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔عمران احمد کے مطابق گھر کے گیٹ پر فائرنگ سے اہل خانہ خوف میں مبتلا ہو گئے اور واقعہ کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔سابق ڈائریکٹر سٹی وارڈن نے کہا کہ کچھ مہینوں سے دھمکیاں موصول ہو رہی تھیں جس کی درخواست پولیس کو بھی دی تھی۔دوسری جانب پولیس حکام نے کہا کہ تھانہ جوہر آباد کے علاقے دستگیر میں مذکورہ واقع کی اطلاع ملی جس کے بعد پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور ثبوت و شواہد جمع کرنے شروع کر دیئے۔حکام نے کہا کہ واقعہ کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لے رہے ہیں تاہم فوری طور پر فائرنگ کی تصدیق نہیں کرسکتے۔