افغانستان سے امریکی فوجیوں کا انخلا مشروط ہے، جنرل مارک ملی
امریکی فوج کے چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف جنرل مارک ملی نے کہا ہے کہ افغانستان سے امریکی فوجیوں کا انخلا اب بھی مشروط ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی فوج کے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل مارک ملی نے کہا کہ افغانستان سے مزید امریکی فوجیوں کے انخلا کا انحصار تشدد میں کمی اور فروری میں طالبان کے ساتھ طے پائی گئیں دیگر شرائط پر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سوچ سمجھ کر اور ذمہ داری کے ساتھ جنگ ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنگ ان شرائط کے ساتھ ختم کرنا چاہتے ہیں کہ ہمیں افغانستان میں دا ئوپر لگے ہوئے امریکا کے اہم قومی سلامتی کے مفادات کے تحفظ کی ضمانت دیں۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکہ نے افغانستان سے مزید افواج کم کرنے کا اعلان کیا تھا۔امریکہ کے مشیر قومی سلامتی رابرٹ بران نے اعلان کیا تھا کہ افغانستان میں آئندہ سال تک امریکی فوجیوں کی تعداد کم کر کے 2 ہزار 500 کر دی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ اگلے سال دسمبر تک 4 ہزار امریکی فوجی افغانستان میں موجود رہیں گے جنہیں بدستور کم کیا جائے گا۔