طالبان اور یورپی یونین کے نمائندوں کی پہلی غیر رسمی ملاقات
قطر میں یورپی یونین کے نمائندوں اور طالبان کے درمیان ہونے والی ملاقات سے قبل جرمن حکام نے طالبان سے بات کی تھی۔ طالبان کا کہنا ہے کہ وہ عالمی طاقتوں کے ساتھ مثبت رشتوں کے خواہاں ہیں۔ طالبان کی قیادت نے منگل کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں یورپی یونین کے نمائندوں سے ملاقات کرنے جا رہی ہے۔ طالبان حکومت میں کارگزار وزیر خارجہ عامر خان متقی نے گزشتہ روز کہا تھا، کل ہم یورپی یونین کے نمائندوں سے مل رہے ہیں، ہم دوسرے ممالک کے نمائندوں کے ساتھ بھی مثبت ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا، ہم پوری دنیا کے ساتھ مثبت تعلقات چاہتے ہیں۔ ہم متوازن بین الاقوامی تعلقات پر یقین رکھتے ہیں۔ ہمیں اس بات پر یقین ہے کہ اس طرح کے متوازن تعلقات افغانستان کو عدم استحکام سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ ادھر یورپی یونین کی ترجمان نبیلہ مسرعلی نے اس ملاقات کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ بات چیت، تکنیکی سطح پر ایک غیر رسمی تبادلہ خیال ہے۔ بات چیت کا مطلب طالبان کی عبوری حکومت کو تسلیم کرنا نہیں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس ملاقات کے دوران انسانی امداد کی فراہمی اور خواتین کے حقوق سمیت کئی دیگر اہم امور بات چیت ہو گی۔ اطلاعات کے مطابق یورپی یونین کے نمائندوں سے ہونے والی اس بات چیت میں امریکی سفیر کے بھی موجود ہونے کی توقع ہے۔