وزیرِ اعظم شہباز شریف آج آستانہ قازقستان میں سیکامیں خطاب کریں گے ۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف آج آستانہ قازقستان میں سیکاکے چھٹے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف اجلاس سے خطاب کریں گے ۔ علاوہ ازیں وزیرِ اعظم قازقستان کے صدر قاسم ژومارت توکائیف اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزئیوف سے بھی ملاقات کریں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف ایشیا میں اعتماد سازی کے اقدامات پر ہونے والے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے قازقستان پہنچے تھے۔ سیکا ایشیا بھر کے 27 ممالک پر مشتمل بین الحکومتی فورم ہے جوکہ 1992میں قائم کیا گیا، اس میں برصغیر ایشیا میں امن ،سلامتی اور سماجی و معاشی ترقی کے فروغ پر توجہ دی جاتی ہے۔ سیکا مذکرات اور تعاون کے ذریعے علاقائی استحکام اور خوشحالی کے اہداف کے حصول کے لئے قابل قدر فورم ہے ۔ یہ فورم 5 بڑے شعبوں میں اعتمادسازی کے اقدامات کو فروغ دیتا ہے جس میں معاشی سمت، ماحولیاتی سمت، انسانی سمت، نئے چیلنجز اور خطرات اور فوجی و سیاسی سمت شامل ہیں۔ سیکا کے منشور اور اہداف کے تناظر میں وزیراعظم کی سربراہ اجلاس میں شرکت سے یہ واضح ہوتا ہے کہ پاکستان ایشیا میں روابط اور معاشی تعاون کے فروغ کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔