پوری قوم ایک طرف اور چور ایک طرف ہوگئے۔ اسلم اقبال
سینئر وزیر پنجاب میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ 13پارٹیاں بھی جمع ہوجائیں تب بھی عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتیں۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسلم اقبال نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اعظم سواتی کو رات پکڑلیا گیا اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ایف آ ئی اے میں اپنے لوگوں کو بٹھایا گیا، کس کس کو گرفتار کر کے اندر کرو گے؟ ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا بیانیہ ٹھیک تھا انہوں نے این آر او ٹو لینا ہے، حکومت میں بیٹھے پرائم منسٹر نے 1100ارب روپے کے کیسز معاف کرائے، انہوں نے آتے ہی نیب قانون میں ترمیم کی۔اسلم اقبال نے کہا کہ آپکے ملازمین کے اکائونٹس سے اربوں روپیہ نکلا ہے، آپ کیا سمجھتے ہیں عوام بیوقوف بن جائے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان کے جلسے میں عوام کی تعداد بڑھتی جارہی ہے، پوری قوم ایک طرف اور چور ایک طرف ہوگئے، حکمران اب الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔ سینئر وزیر پنجاب نے کہا کہ مہنگائی سے عوام کا برا حال ہوگیا، غریب سوچتا ہے کہ بجلی کا بل دوں یا بچوں کو کھانا کھلائوں۔ اسلم اقبال نے کہا کہ 13پارٹیاں بھی جمع ہوجائیں تب بھی خان کا مقابلہ نہیں کرسکتیں، ہم سب کال کا انتظار کررہے ہیں، ہر شخص عمران خان کی کال کے انتظار میں بیٹھا ہے، لانگ مارچ کی کال جلد ہوگی، 25 مئی کو جو کارکنوں پر ایف آئی آر ہوئی اور تشدد ہوا، بھتیجی کہتی ہے کہ میرے بھائی ارب پتی دادا کے پوتے ہیں، چچا کہتا ہے کہ میرے والد ایک غریب انسان تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اگر عوام دو تہائی اکثریت سے حکمران لاتی ہے تو بہتر طریقے سے قانون سازی کی جاسکتی ہے، سترہ جولائی کو بھی ن لیگ نے ہر حلقے میں دس ہزار ووٹ جعلی ڈلوائے۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ آئین اور قانون کے تحت ہر کسی کو احتجاج کا حق ہے، پولیس کو غنڈہ فورس بنا کر عوام پر چھوڑ دیں۔