اعظم سواتی پر تشدد کیا گیا، بہت ہو چکا، عوام فیصلہ کریں گے حکمران کون ہوں گے؟: شبلی فراز

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے چیف آف اسٹاف سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ سینیٹر اعظم سواتی پر تشدد کیا گیا، سینیٹرزاورعام لوگوں کو ذلیل کیا جا رہا ہے، اعظم سواتی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں۔پارلیمنٹ کے باہر ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اس قسم کی حرکتوں سے ہمارا مورال اور بلند ہوگا، ہماری حکومت کو سازش کر کے گرایا گیا اور ان چوروں کو بٹھایا گیا جنہوں نے سب سے پہلے اپنی چوری کو معاف کروایا۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے لوگوں کی کمر توڑ دی ہے، بہت ہو چکا، اب پاکستان کے عوام فیصلہ کریں گے کہ ان کے حکمران کون ہوں گے؟ عمران خان کال دینے والے ہیں، آپ لوگوں نے تیاری کرنی ہے۔سینیٹر شبلی فراز نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سینیٹر اعظم سواتی کو رہا کر کے اس پارلیمنٹ کی عزت و وقار کو بحال کیا جائے۔