بلدیاتی آرڈیننس کے خلاف سندھ بچاؤکمیٹی کی اپیل پر پڈعیدن، جامشورو، بدین، نوابشاہ، سکرنڈ سمیت اندرون سندھ مکمل جبکہ کراچی میں جزوی ہڑتال کی جارہی ہے۔
بلدیاتی نظام کے نئے آرڈیننس کے خلاف سندھ بچاؤ کمیٹی کی اپیل پر پڈعیدن میں مکمل ہڑتال ہے، کاروباری مراکز بند اور سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم ہے، مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔ جامشورو ضلع میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کے باعث قومی شاہراہ اورانڈس ہائی وے پرٹریفک مکمل طور پربند ہے۔ ہڑتال کے باعث سندھ، مہران اورلیاقت میڈیکل یونیورسٹی سمیت متعدد تعلیمی ادارے پڑے ہیں۔ سندھ کے دیگر شہروں نوابشاہ، ڈھرکی، ٹھٹھہ، میرپورماتھیلو، کندھ کوٹ، ٹنڈو الہہ یار، قاضی احمد، دولت پور،دوڑ ، دادو، میہڑ،بدین ، ٹنڈو باگو میں بھی ہڑتال کی جارہی ہے جبکہ ٹریفک بھی معطل ہے۔ ٹرانسپورٹ غائب ہونے کی وجہ سے لوگوں کو آمدو رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حساس علاقوں میں قانون نافذ کرنے والوں کا گشت بھی جاری ہے۔ ادھرکراچی کے بھی کچھ علاقوں میں جزوی ہڑتال ہے تاہم شہر کےنوے فیصد سے زائد اسکول کھلے ہیں اور ٹریفک بھی رواں دواں ہے۔