تجارتی سامان کی ریلوے کے ذریعے نقل و حمل سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں 60 فیصد تک کمی ممکن
تجارتی سامان کی ریلوے کے ذریعے نقل و حمل سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں 60 فیصد تک کمی لائی جا سکتی ہے۔ اقتصادی تجزیہ کار منصور احمد نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ تجارتی سامان کی ترسیل کیلئے ریلوے سستا ترین ذریعہ ہے کیونکہ ریلوے کا ایک انجن بیک وقت 300 تا 400 ٹرکوں کے مساوی سامان کی ترسیل کر سکتا ہے۔ اس طرح تجارتی سامان کی ترسیل کے حوالے سے ٹرکوں کے مقابلہ میں ریلوے 60 فیصد تک سستا پڑ سکتا ہے جس سے کاروباری برادری کے ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدی اور درآمدی سامان کی نقل و حمل کیلئے ریلوے کے انفراسٹرکچر سے استفادہ کے ذریعے سفری اخراجات میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔