رانا ثناءاللہ کو گھر کا کھانا دینے کا معاملہ،عدالت کاجیل سپرنٹنڈنٹ کو فیصلہ کرنے کا حکم

لاہور: سیشن عدالت نے سابق وزیر قانون رانا ثناءاللہ کو جیل میں گھر کا کھانا دینے کی درخواست پرجیل سپرنٹنڈنٹ کومیڈیکل بورڈ کی رپورٹ پر قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی سیشن عدالت نے لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کو جیل میں گھر کا کھانا فراہم کرنے کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا ہے۔ عدالت نے میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کو مدنظر رکھ کر سپرنٹنڈنٹ جیل کو فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے فیصلے کی کاپی فوری طور پر جیل سپرنٹنڈنٹ کو ارسال کر دی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ رانا ثناء اللہ دل کے مریض ہیں، انہیں گھر کا پرہیزی کھانا دیا جائے،جیل کا کھانا ان کے لیے مضر صحت ہے۔ واضح رہے کہ انسداد منشیات فورس نے سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کو اسلام آباد سے لاہورجاتے ہوئے موٹر وے سے حراست میں لیا تھا،راناثناءاللہ کی گاڑی سے بھاری مقدار میں ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔