بلاول بھٹو کو سندھ کارڈ استعمال کرنا زیب نہیں دیتا: وزیر خارجہ

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عمران خان کی حکومت نے پوری دنیا میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے، بلاول بھٹو کے سیاسی سفر کی شروعات ہے، انہیں سندھ کارڈ استعمال کرنا زیب نہیں دیتا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو اگست میں 4 خط بھیجے، سیکیورٹی کونسل میں بحث آپ کے سامنے پیش کرتا ہوں، جنیوا میں 58 ممالک نے آپ کے مؤقف کی تائید کی ہے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت پروپیگنڈا اس لیے کر رہا ہے کہ آج منہ دکھانے کے قابل نہیں، بھارت نے مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق پامال کر رکھے ہیں، 17 ستمبر کو پہلی بار یورپین پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر اٹھایا جائے گا۔ عمران خان کی حکومت نے پوری دنیا میں اس مسئلے کو اجاگر کیا ہے، 27 ستمبر کو عمران خان پاکستان اور کشمیر کی آواز دنیا کو پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے ارکان کے ذہن میں کوئی تشویش نہیں ہونی چاہیئے، سندھ ملک کی اہم اکائی ہے، ماضی کے کردار سے کسی کو اختلاف نہیں۔ حکومت کے توسط سے کہتا ہوں آئین کا احترام تھا ہے اور رہے گا۔ وفاقی حکومت صوبائی خود مختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دے گی۔