علیم خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے 2014کے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور پنجاب سے سابق سینئر وزیر عبدالعلیم خان کے مسلسل عدم حاضری پر ناقابل وارنٹ گرفتاری جاری کر تے ہوئے انہیں 30ستمبرتک گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ دوران سماعت عدالتی حکم کے باوجود عبدالعلیم خان عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے پولیس کو حکم دیا ہے کہ انہیں گرفتار کرکے 30ستمبر تک عدالت میں پیش کیا جائے۔ عبدالعلیم خان مقدمہ میںنامزد ملزم ہیں۔ جبکہ مقدمہ میں وزیر اعظم عمران خان، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وفاقی وزراء اور پی ٹی آئی رہنما بھی نامزد ملزم ہیں تاہم انہیں عدالت کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ دیا گیا ہے ۔ جبکہ عبدالعلیم خان کو عدالت کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ نہیں دیا گیا تھا اور بار بار طلب کرنے کے باوجود وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔ عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ عبدالعلیم خان کو ہر صورت گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے ۔واضح رہے کہ پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس 2014کے حکومت مخالف دھرنوں کے دوران بنایا گیا تھا۔