دنیا دیکھے گی 27 ستمبر کو عمران خان جنرل اسمبلی میں پارلیمنٹ کی آواز بنیں گے:شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ خدانخواستہ بھارتی ریاست جموں و کشمیر کا بیان نہیں دیا حکومت اور میرا مسئلہ کشمیر پر وہی موقف ہے جو ساری قوم پارلیمان کا موقف ہے۔ 27 ستمبر کو پوری دنیا دیکھے گی کہ وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیر پر سارے پاکستان۔ کشمیریوں اور پارلیمان کی آواز بنیں گے۔ پیپلزپارٹی سندھ کارڈ کی بات نہ کرے پختونستان کا نعرہ پٹ چکا ہے۔ سندھو دیش کا نعرہ بھی پٹ جائے گا۔ ایک ایک نعرہ پاکستان کا ساتھ دے گا۔ اپوزیشن پروڈکشن آرڈر کے معاملے پر عدالت جا سکتی ہے۔ صدارتی خطاب کے موقع پر اپوزیشن کے احتجاج سے مسئلہ کشمیر کی بجائے پروڈکشن آرڈر کو فوقیت دینے کا تاثر گیا۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن ارکان کے نکتہ اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر دہائیوں سے کھٹائی میں پڑا ہوا تھا فائلوں پر دھول جم چکی تھی۔ ہم نے اس مسئلہ کو ہر جگہ اجاگر کیا۔ 17 ستمبر کو برسلز میں یورپی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر بات ہو گی۔ بھارت کو سلامتی کونسل میں سبکی اٹھانی پڑی۔ ہر جگہ بھارت کو منہ کی کھانا پڑی۔ اس لئے پروپیگنڈہ کا سہارا لے رہا ہے۔ اگست کے آغاز سے لے کر اب تک میرے خطوط اٹھا کر دیکھ لیں۔ 10 ستمبر کو انسانی حقوق کمیشن میں میرا بیان دیکھ لیں۔ دنیا دیکھے گی 27 ستمبر کو عمران خان جنرل اسمبلی میں پارلیمنٹ کی آواز بنیں گے۔ پیپلزپارٹی سندھو دیش کی بات نہ کرے۔ وفاقی جماعت ہے موجودہ حکومت کو آئین کا احترام ہے۔ سندھ حکومت کے ساتھ بلاوجہ چھیڑ چھاڑ نہیں کی جائے گی۔ وزیر قانون اپنے بیان کی وضاحت کر چکے ہیں۔ سیاسی د بائو میں آ کر پیپلزپارٹی کی قیادت کی طرف سے سندھو دیش کی بات کرنا زیب نہیں دیتی۔ پختونستان کی طرح سندھو دیش کا نعرہ بھی پٹ جائے گا۔ ایک ایک سندھی پاکستان کا ساتھ دے گا۔ مہاجروں نے پاکستان کیلئے گھر جائیدادیں قبریں چھوڑیں۔ مہاجروں کی پاکستان کیلئے قربانیوں کو تسلیم کرتے ہیں۔