عوام سیلاب پر سیاست کرنے والوں سے حساب لیں گے: وزیر اعظم شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پوری قوم اس وقت جانتی ہے کہ ملک کی کیا صورتحال ہے، لوگوں کو پتا ہے کہ کون لوگ آج بھی سیاست کر رہے ہیں، عوام سیلاب پر سیاست سے ناراض ہیں، وقت آنے پر حساب لیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ تباہی موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ہوئی جب کہ اس موسمیاتی تباہی میں پاکستان کا قصور نہ ہونے کے برابر ہے، ہمارا ملک ناکردہ گناہوں کی بنا پر اس بڑے پیمانے پر ہونےوالی تباہی کا شکار ہوا۔وزیر اعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے واضح اور دوٹوک الفاظ میں کہا کہ گلوبل نارتھ ، گلوبل وارمنگ کے مسئلے کے خلاف دنیا کو اپنی ذمے داری ادا کرنی ہوگی۔
شہباز شریف نے کہا یو این سیکریٹری جنرل نے پاکستان کی صورتحال سے دلوں کو ہلادینے والی باتیں کیں، پاکستان کے مسائل کی اس طرح کی ترجمانی شاید ہی کسی غیر ملکی ذمے دار شخص نے کی ہو۔ان کا کہنا تھا کہ انتونیو گوتیرس نے اپنے دورہ لاڑکانہ جہاں میں ان کا ترجمان بنا، کیونکہ وہ میرے کروڑوں پاکستانی بھائیوں کے ترجمان بنے تھے، وہاں انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کے لیے خالی ہمدردی کا پیغام اور اظہار یک جہتی کی باتیں کافی نہیں ہیں، اس وقت عملی طور پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ بے پناہ نا انصافی ہوئی ہے جس کا ازالہ ہونا چاہیے۔شہباز شریف نے کہا کہ اہم عہدے پر براجمان شخص کی جانب سے ایسی باتیں قابل غور ہیں ، انہوں نے دکھی انسانیت اور پسے ہوئےعوام کےلئے جن جذبات کا اظہارکیا اس پر ان کے شکرگزار ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ 2 سے 3 ہفتوں میں یہ پانی اتر جائے گا، پھر لوگ اپنے گھروں میں آباد ہوجائیں گے، پوری قوم اس وقت جانتی ہے کہ ملک کی کیا صورتحال ہے، جو لوگ آج اس امدادی کام سے دور ہیں، لوگ ان کو بھی جانتے ہیں جو لوگ آج بھی سیاست کر رہے ہیں، لوگوں کو ان کا بھی پتا ہے۔