کراچی میں بارش، سڑکیں تالاب بن گئیں، چھت اور دیوار گرنے سے 5 افراد زخمی

کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں تیز بارش سے سڑکیں تالاب بن گئیں، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ سچل اور اورنگی ٹاؤن میں چھت اور دیوار گرنے کے واقعات میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔کراچی میں تیز آندھی کے بعد موسلا دھار بارش ہوئی، اچانک تیز ہوائیں چلنے سے شہریوں کو بھی سخت مشکلات کا سامنا، کئی علاقوں میں درخت، کھمبے، دیواریں اور شیڈ گرنے کے واقعات پیش آئے جبکہ اورنگی ٹائون میں گھر کی چھت گرنے سے 3، سچل کے علاقے میں گھر کی چھت کا ایک حصہ گرنے سے دو افراد زخمی ہوگئے، گلزار ہجری میں دکان کا شیڈ گرنے سے دو افراد زخمی ہوئے، زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔کراچی میں کہاں کتنی بارش ہوئی محکمہ موسمیات نے اعداد و شمار جاری کردیے، سب سے زیادہ بارش کورنگی میں 34 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، قائد آباد میں 28 اعشاریہ 5 اور سعدی ٹاؤن میں 28 ملی میٹر بارش ہوئی، ڈی ایچ اے میں 24 ، اورنگی اور یونیورسٹی روڈ پر 20، 20 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جناح ٹرمینل پر 10 اعشاریہ 6، اولڈ ایئر پورٹ پر 9 اعشاریہ 2 ، پی اے ایف بیس مسرور پر 9 ملی میٹر، پی اے ایف بیس فیصل پر 8 ، کیماڑی میں 7 اور نارتھ کراچی میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، سب سے کم بارش ناظم آباد میں 2 اعشاریہ 2 ملی میٹر ہوئی۔