کراچی کے علاقے لیاری میں دوسرےروزبھی صورت حال کشیدہ، مشتعل افراد کاجلاؤ گھیراؤ، لی مارکیٹ سے لیاری آٹھ چوک جانے والی سڑک بند کردی۔

لی مارکیٹ میں گزشتہ روز پولیس کارروائیوں کے خلاف شروع ہونے والے احتجاج کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ مشتعل افراد نے لی مارکیٹ سے آٹھ چوک جانے والی مرکزی شاہراہ پر ٹائر جلائے اور پتھراؤکیا۔دوسری جانب نامعلوم افرادنے لی مارکیٹ،آٹھ چوک ، نیا آباد اور جونا مسجد کے علاقوں میں ہوائی فائرنگ کی جس کے باعث صبح سویرے کھلنے والی دکانیں اورکاروبار بند ہو گیا۔ دو روز سے جاری پر تشدد کاروائیوں کے باعث علاقہ مکینوں کی زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے ۔کشیدہ صورت حال کے پیش نظر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری لی مارکیٹ چوک پر تعینات ہے۔ادھر گلبہار کے علاقے میں دستی بم حملے میں بچے سمیت دو افراد زخمی ہوگئے جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پایا جارہا ہے۔