آپریشن ضرب عضب کے شہداء اور غازیوں کے اعزاز میں تقریب، آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پینتیس تمغہ بسالت میڈل تقسیم کیے
چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے ملک میں جاری آپریشن ضرب عضب میں شجاعت کی داستانیں رقم کرنے والوں کو اعزازات سے نوازا۔ اس سلسلے میں جی ایچ کیو میں ایک تقریب منعقد کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں فوجی حکام، شہداء کے لواحقین اور غازیوں نے شرکت کی۔ پاک فوج کے پینتیس افسروں اور جوانوں کو تمغہ بسالت سے نوازا گیا۔ پینتیس مزید افسران کو ستارہ امتیاز ملٹری سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ پانچ افسروں اور جوانوں کو اقوام متحدہ کے میڈلز بھی دیے گئے۔ شہداء کے میڈل ان کے خاندان کے افراد نے وصول کیے۔ تقریب کے اختتام پر چیف آف آرمی سٹاف نے شہداء کے رشتہ داروں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ کچھ دیر بات چیت بھی کی۔