شہباز شریف کی گورنر سندھ سے ملاقات، سیاسی امورپر تبادلہ خیال
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے گورنر سندھ سے ملاقات کی جس میں سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ،ہفتہ کو وزیراعلی پنجاب شہبازشریف کے کراچی پہنچنے پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما مشاہد اللہ خان نے ائیرپورٹ پر ان کا استقبال کیا جس کے بعد وہ گورنر ہائوس روانہ ہوگئے۔گورنر ہائوس میں گورنر سندھ محمد زبیر نے شہبازشریف کو خوش آمدید کہا ، وزیراعلیٰ پنجاب نے گورنر ہائوس میں ناشتہ کیا جس کے بعد ان کی گورنر محمد زبیر سے ملاقات ہوئی جس میں ملک خصوصا سندھ کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن )عوام کی فلاح وبہبود کیلئے ترقیاتی ایجنڈے کا ویژن رکھتی ہے، اللہ نے موقع دیا تو سندھ کے تمام شہروں کی حالت بدل دیں گے، ترقی سندھ کے شہریوں کا بھی حق ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سے گفتگو میں گورنر سندھ نے کہا کہ امن وامان اورتوانائی کی صورتحال میں بہتری وفاقی حکومت کی انتھک کاوشوں کاثمر ہے، پنجاب میں عوام کی فلاح وبہبود کے ترقیاتی منصوبے قابل تقلید ہیں۔