سوڈانی عوام کو ہر ممکن انسانی امداد فراہم کی جائے، شاہ سلمان
خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے افریقی ملک سوڈان میں طویل عوامی تحریک کے رونما ہونے والی سیاسی تبدیلی پر سوڈانی عوام کے بہتر مستقبل کےلیے مناسب فیصلے کرنے کی توقع ظاہر کی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ شاہ سلمان بن عبد العزیز نے سوڈان میں بننے والی عبوری کونسل اور اس کے اقدامات کی حمایت کا اعلان بھی کیا ہے۔ خادم الحرمین الشریفین کا کہنا تھا کہ سوڈان کی نئی فوجی حکومت ملک کے امن و استحکام اور دوست ملک کو مضبوط بنانے کےلیے مددگار ثابت ہوگی۔ عرب خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودیہ اور سوڈان کے تمام شعبوں میں دوستانہ تعلقات تاریخی اہمیت کے حامل ہے، سعودی حکومت 30 برس بعد رونما ہونے والی سیاسی تبدیلی کے نتیجے میں بننے والی عبوری کونسل کی معاونت کا یقین دلاتی ہے۔ شاہ سلمان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب کی اولین ترجیحات میں سوڈان کا امن و استحکام شامل ہے، دوست ملک کو اندورنی بحران سے نکالنے کےلیے ہر ممکن انسانی امداد کےلیے تیار ہیں۔