کورونا کی دوا کی قیمت خناق، ریبیز ویکسین جتنی ہوگی، ڈاکٹر شوکت علی
ڈائو یونیورسٹی کے ڈاکٹر شوکت علی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا علاج زیادہ مہنگا نہیں ہوگا، کورونا کے لیے دوا کی قیمت خناق اور ریبیز کی ویکسین جیسی ہی ہوگی۔ڈائویونیورسٹی کے ڈاکٹر شوکت نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے علاج کے لیے صحت یاب مریضوں سے اینٹی باڈیز حاصل کی گئیں اور کورونا وائرس کے علاج کے لئے سیفٹی اسٹڈی جانورپر کی گئی جبکہ اس مرحلے پر پہنچ گئے کہ صحتیاب مریض کے پلازما سے اینٹی باڈیز الگ کر سکتے ہیں۔ڈاکٹر شوکت نے کہا ہے کہ اینٹی باڈیز کو مزید شفاف بنا کر فارمولیشن بنا سکتے ہیں جو محفوظ بھی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ریگولیٹر اورصحت یاب مریضوں سے تعاون درکار ہوگا اور کورونا وائرس کی دوائی کے لیے ریگولیٹرز کی شرائط سے بھی آگاہ ہیں جبکہ کوشش ہے ریگولیٹرکی ضرورت جو بھی ہواس کی تعمیل کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے ڈریپ کی ممکنہ مطلوبہ ضروریات پہلے سے مکمل کر لیں، کورونا کے علاج کے لیے خام مال صحت یاب مریض کا پلازما ہوگا اور دوا کی تیاری صحت یاب مریضوں کے خون کی دستیابی پر منحصر ہے۔انہوں نے کہا کہ زیادہ متاثرہ کیسز میں کوروناوائرس کے علاج کاطریقہ کار استعمال کیا جائے گا۔واضح رہے کہ گذشتہ روز ڈائو یونیورسٹی کے ماہرین نے کورونا کے علاج کے لیے ویکیسن تیار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔