اسلام آباد:ٹیلی سکول نشریات کا آغاز وزیر اعظم کے ملک میں فروغ تعلیم کے ویژن کا مظہر ہے،فردوس عاشق
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ منگل کی صبح آٹھ بجے سے پاکستان ٹیلی وژن ( پی ٹی وی )نے ٹیلی اسکول نشریات کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔وزارت تعلیم اور اطلاعات کے اشتراک سے شروع یہ منصوبہ وزیر اعظم عمران خان کے ملک میں تعلیم کے فروغ کے وژن کا مظہر ہے۔ ان خیالات کا اظہار فردوس عاشق اعوان نے منگل کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلی اسکول کی نشریات سیٹلائٹ اور انٹینا دونوں کے ذریعے دیکھی جا سکے گی۔ دور افتادہ علاقوں کے بچے اور طالب علم اس تدریس و تربیت کے عمل سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔نشریات کا دورانیہ صبح8سے شام6بجے تک ہوگا۔ اول سے بارہویں جماعت تک کے طلبااس سے مستفید ہوں گے۔ٹیلی اسکول سے وہ بچے بھی فائدہ اٹھائیں گے جو کسی وجہ سے اسکول نہیں جا پاتے۔گھر بیٹھے افراد کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کایہ منصوبہ ملک بھرمیں خواندگی کے فروغ میں بھی اہم ثابت ہوگا۔کرونا وبا کے باعث بچوں کا تعلیمی عمل معطل ہے۔اس چینل کے ذریعے گھر بیٹھے بچے اور دیگر طالب علم تدریسی عمل سے استفادہ کریں گے۔