پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کا اہم ریکارڈ غائب ہونے کا انکشاف
اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے بحالی کے بعد پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی )کا اہم ریکارڈ غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ پانچ گاڑیاں،تین لیپ ٹاپ ، ڈیپارٹمنٹس اور گھروں کی چابیاں غائب ہیں۔ وزارت صحت کو صورتحال سے آگاہ کیا گیا تاہم اب تک کوئی جواب نہیں آیا ۔ منگل کو رجسٹرار پی ایم ڈی سی بریگیڈیئر (ر) حفیظ الدین نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں تفصیلی تحریری رپورٹ جمع کرا دی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جب پی ایم ڈی سی کو آرڈیننس کے ذریعہ ختم کیا گیا تھا تھا اس وقت بہت ساریکارڈ ایسا تھا جو موجود تھا تاہم اب وہ مو جود نہیں ۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ پی ایم ڈی سی کی بحالی کے بعد مختلف ڈیپارٹمنٹس کا ریکاڑد غائب پایا گیا۔ چابیاں، تین لیپ ٹاپ، ہارڈ ڈسک، وائی فائی ڈیوائس، پی ایم ڈی سی کی ملکیت پانچ گاڑیاں غائب ہیں جو گاڑیاں موجود ہیں ان کی چابیاں موجود نہیں، پی ایم ڈی سی کی ملکیت والے تین گھروں کی چابیاں بھی ابھی تک واپس نہیں کی گئیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جو گھر تھے ان پر بھی وزارت صحت کا قبضہ ہے۔رجسٹرار پی ایم ڈی سی نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ وہ اس معاملہ پر ایکشن لے اور جو مسنگ ریکارڈ ہے اس کو واپس فراہم کیا جائے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کالعدم قرار دیئے گئے پاکستان میڈیکل کمیشن کے سیکرٹری اور وزارت صحت کو صورتحال سے آگاہ کیا لیکن جواب نہیں ملا، سیکرٹری کمیشن ڈاکٹر اسلان حیدر نے وزارت صحت سے بات کرنے کا کہا۔ رپورٹ میں یہ بھی لکھا گیا کہ پی ایم ڈی سی نے کورونا کے باعث ابھی صرف 45 ملازمین کے محدود سٹاف کے ساتھ کام شروع کیا ہے۔اسلام آبا د کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی کیس کی سماعت کریں گے۔