آپ مجھے راشن بیگز تیار کرکے دے دیں تاکہ میں پاکستان کے مستحق لوگوں تک پہنچا سکوں:شاہد آفریدی
کراچی : قومی کرکٹ ٹیم کےسابق کپتان شاہد آفریدی نےملک کےمختلف برانڈز کواشتہارات میں مشروط طور پربلامعاوضہ کام کرنےکی پیشکش کی ہے۔
کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں دنیا بھرکی معروف شخصیات سرگرم عمل ہیں، جن میں خاندانوں کو عطیات دینے کے ساتھ ساتھ راشن بانٹنے کا انتظام بھی کیا جارہاہے ۔ ایسے میں پاکستان کے کھلاڑی بھی کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئےغریب اور نادار لوگوں کی مدد کرنے میں پیش پیش ہیں ۔ جن میں سابق کپتان شاہد آفریدی بھی اپنے فاؤنڈیشن کے ذریعے لوگوں کی مدد کا جذبہ لئے آگے بڑھ رہے ہیں ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرسابق کپتان شاہد آفریدی کی جانب سے ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا گیا ہے۔
شاہد آفریدی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میری خوش قسمتی ہے کہ میں نے مختلف برانڈز کے ساتھ اشتہارات / پروموشن میں کام کیا ہے، اب میں ان چیزوں میں تھوڑی تبدیلی کرنا چاہ رہا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ' میں ان سب برانڈز سے درخواست کرتا ہوں کہ مجھے آپ سےکوئی پیسے نہیں چاہئیں، میں آپ کے لیے سوشل میڈیا اورٹی وی دونوں کے لیے موجود ہوں۔ مجھے آپ سے پیسے نہیں چاہیے بس آپ مجھے راشن بیگز تیار کرکے دے دیں تاکہ میں پاکستان کے مستحق لوگوں تک پہنچا سکوں۔'