لاہور …… بھارت کی جانب سے ایل او سی کی مسلسل خلاف ورزیوں کے خلاف مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع
پاکستان تحریک انصاف نے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزیوں کے خلاف مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کر ادی۔ تحریک انصاف کی رکن اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے ایک بار پھر ایل او سی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا جارہاہے۔جس کے نتیجے میں دو سالہ بچہ شہید اور4 افراد زخمی ہوگئے۔بھارت مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے ظلم و ستم سے نظر ہٹانے کے لئے ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے جو کھلم کھلا ریاستی دہشتگردی کے مترادف ہے۔اس وقت دنیا کرونا وائرس کے خلاف جہاد میں مصروف ہے،انسانیت کی بقا ء کے لئے ہر طرح کے وسائل استعمال کئے جا رہے ہیں۔لیکن انسانیت کا دشمن مودی جنگی جنون کے نشے میں مبتلا ہے۔لائن آف کنٹرول کی بار بار خلاف ورزی اور بھارتی ہٹ دھرمی قابل مذمت ہے۔پاکستانی قوم پاک فوج کی جانب سے بھارتی اشتعال انگیزی کامنہ توڑجواب دینے، بھارتی چوکیوں کوتباہ کرنے اور دشمن کے مذموم ارادوں کو خاک میں ملا نے پر بھرپور خراج تحسین پیش کرتی ہے۔اقوام متحدہ اور تمام بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ ہے کہ مودی اور بھارتی فوج کے جنگی جنون کے خاتمے اور انسانیت کی فلاح وبہبود کے لئے فوری عملی اقدامات کئے جائیں