سکول بند,تعلیمی سلسلہ منجمد: پرائیویٹ اداروں نے فیس وصولی شروع کردی
سکول بند 'تعلیمی سلسلہ منجمد لیکن والدین کو ٹیلی فون ' پیغامات 'مکتوبات تحریر کرکے پرائیویٹ تعلیمی اداروں نے فیسوں کی وصولی شروع کردی ' اساتذہ کو کوئی تنخواہ ادا نہیں کی جارہی ہے ۔والدین نے آزادحکومت ' محکمہ تعلیم اور ڈپٹی کمشنر مظفرآباد سے پالیسی تشکیل دے کر نجی تعلیمی اداروں کو اس کا پابند بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیلا ت کے مطابق کورونا وائرس کی وباء کا پھیلائو روکنے کیلئے حکومت نے لاک ڈائون کے ساتھ ساتھ تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو یکم جون 2020تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ادھر دارالحکومت مظفرآباد اور اس کے مضافات میں قائم نجی تعلیمی اداروں نے فیسوں کی وصولی شروع کردی ہے ۔ نجی تعلیمی اداروں کی انتظامیہ نے والدین سے بذریعہ ٹیلی فون 'ایس ایم ایس اور مکتوبات فیسوں کی وصولی کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ جبکہ بھاری فیسوں کی وصولی کے باوجود اساتذہ جنھیں اونٹ کے منہ میں زیرہ کے برابر3ہزار سے 10 ہزار ماہانہ تنخواہ دی جاتی وہ بھی اب لاک ڈائون کے بعد ادا نہیںکی جارہی ہے ۔تعلیمی سلسلہ بھی بند ہے۔ والدین نے حکومت آزادحکومت ' محکمہ تعلیم اور ڈپٹی کمشنر مظفرآباد سے مطالبہ کیا ہے کہ اس حوالے سے نئی پالیسی دی جائے جس سے نہ تو ہم پر بوجھ پڑے اور نہ نجی تعلیمی ادارے متاثر ہوں ۔سارا نظام جام ہے ہم کیسے فیس اداکریں ۔