پاکستان اب تک 7734 برطانوی شہریوں واپس بھجوا چکا ہے، وزیر خارجہ
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اب تک 7734 برطانوی شہریوں کو پی آئی اے کی 23 خصوصی پروازوں کے ذریعے برطانیہ بھجوا چکا ہے اور واپسی کے خواہاں دیگر برطانوی شہریوں کو بھی جلد برطانیہ روانہ کردیا جائے گا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین وطن واپسی کے منتظر شہریوں کی جلد واپسی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی اسپتال سے منتقلی پر برطانوی وزیر خارجہ کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعظم کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے وزیر اعظم بورس جانسن کی عدم موجودگی میں بہترین قیادت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس عالمی وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے موثر اقدامات اٹھانے پر برطانوی وزیر خارجہ کی کارکردگی کو سراہا۔ شاہ محمود قریشی نے برطانوی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حالیہ وباء کے سبب برطانوی شہریوں کے کثیر جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا