بحیرہ عرب میں اسرائیلی مال بردارجہازپرمیزائل حملہ

اسرائیل کے ملکیتی ایک مال برداربحری جہازپر بحیرہ عرب میں ایک میزائل حملے کے بعد صہیونی بحریہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔میری ٹائم سکیورٹی ذرائع نے عرب میڈیا العربیہ کو بتایا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی فجیرہ بندرگاہ کے نزدیک بحیرہ عرب میں اسرائیلی جہاز کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا ہے۔اس کے نتیجے میں جہاز میں ایک دھماکا ہوا ہے لیکن اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔لبنان کے المیادین ٹیلی ویژن چینل نے اپنے ذرائع کے حوالے سے اس جہاز کی شناخت ہیپریون رے کے نام سے کی ہے۔اس جہاز کی مالک اسرائیلی کمپنی کے ملکیتی کے ایک اور جہاز ہیلیوس رے پر فروری میں خلیج عمان میں دھماکا خیز مواد سے حملہ کیا گیا تھا۔برطانیہ کے ادارے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے گذشتہ روز ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ اس واقعہ سے آگاہ ہے اور یہ فجیرہ کی ساحلی حدود میں رونما ہوا ہے۔اسرائیل کے چینل 12 ٹیلی ویژن اسٹیشن نے بے نامی اسرائیلی عہدے داروں کے حوالے سے ایران کو مال بردار بحری جہازپرحملے کا مورد الزام ٹھہرایا ہے۔تاہم اسرائیل یا یواے ای کے حکام نے سرکاری طور پر اس واقعے کی تصدیق نہیں کی ہے۔اس واقعہ سے ایک روز قبل ہی ایران نے اپنے دیرینہ حریف ملک اسرائیل پر نطنز میں واقع جوہری تنصیب میں تخریبی حملے کا الزام عاید کیا تھا۔واضح رہے کہ گذشتہ ماہ بحرمتوسط میں ایران کے ایک کنٹینربردار جہاز پر حملہ کیا گیا تھا جس سے اس کو نقصان پہنچا تھا