بھارت کے اقدامات نے عالمی امن دائوپر لگادیاہے:وزیر خارجہ
وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ بھارت کے اقدامات نے علاقائی اورعالمی امن دائوپر لگادیاہے۔ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے واضح کیاکہ اگربھارت نے کوئی مہم جوئی کی تو پاکستان مادروطن کے دفاع کے لئے ہرحد تک جائے گا۔وزیرخارجہ نے کہاکہ بھارت مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کے نئے قتل عام کی منصوبہ بندی کررہاہے اوراگربھارت سمجھتاہے کہ پاکستانی اورکشمیری عوام خاموشی سے یہ سب برداشت کرلیں گے تویہ اس کی بڑی غلطی ہوگی۔انہوں نے کہاکہ یہ بھارت کی غلط فہمی ہے کہ وہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کو کچل سکتاہے۔شاہ محمودقریشی نے تشویش ظاہر کی کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے عالمی توجہ ہٹانے کیلئے پلوامہ جیسے واقعہ کاکوئی اورڈرامہ رچاسکتاہے۔