کراچی میں بارشوں کی پیشگوئی، الرٹ جاری
کراچی: سندھ میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کی پیش گوئی پر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔ پی ڈی ایم اے کی کراچی کے 6 اضلاع اور سندھ کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی ڈی ایم اے کو ہدایات جاری کر دیں۔ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات نے آج رات سے اتوار تک تیز بارشوں کی پیش گوئی کی ہے اس لیے بارشوں کے نقصانات سے بچنے ، جانی و مالی املاک کو بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ پی ڈی ایم اے نے ہدایات جاری کی ہیں کہ انتظامیہ متحرک رہے ، مشینری اور عملہ سڑکوں پر موجود رہے ۔ واضح رہے کہ شہرقائد میں مون سون بارشوں کا سلسلہ دراز ہو گیا، محکمہ موسمیات نے جمعہ سے اتوار کے دوران بارشوں کا امکان ظاہر کردیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں سندھ میں داخل ہونےکا امکان ہے اور کراچی میں کل شام یا رات سے بارش ہوسکتی ہے۔