وزیراعظم کی بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز پر دہشتگردانہ حملے کی مذمت
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم ملک کی حفاظت کرتے اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ایکسپریس نیوز کے مطابق بلوچستان کے علاقے خوست اور ہرنائی میں گزشتہ شب دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں پاک فوج کے دو جوان شہید ہوئے تھے۔وزیراعظم نے دہشت گردوں کے حملے کی مذمت اور دہشت گردوں کے مزموم عزائم کو ناکام بناتے ہوئے نائیک عاطف اور سپاہی قیوم کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔شہباز شریف نے اللہ تعالی سے شہداء کے درجات بلند کرنے اور ان کے اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی اور کہا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے میجر عمر کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم ملک کی حفاظت کرتے اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، شہداء ہمارا فخر ہیں. مجھ سمیت پوری قوم کی تمام تر دعائیں شہداء اور انکے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔