آئی ایس پی آر نے وضاحت کی ہے کہ آرمی چیف اور ایساف کمانڈر کے درمیان گفتگو میں نیٹو سپلائی کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں ماہ بارہ دسمبر کو آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور ایساف کمانڈر جنرل جان ایلن کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو کے دوران نیٹو سپلائی کے حوالےسے کوئی بات نہیں ہوئی۔ ایساف کمانڈر کے بیان میں نیٹو سپلائی سے متعلق ذکر درست نہیں ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں غیر ضروری قیاس آرائیوں سے گریز کیا جانا چاہیے۔ واضح رہے گزشتہ روز جنرل جان ایلن نے کابل میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاتھا کہ ان کی جنرل کیانی سے نیٹو سپلائی کے حوالے سے بات ہوئی ہے تاہم سپلائی کی بحالی کا حتمی طور پر کچھ نہیں کہاجاسکتا۔