سپریم کورٹ کی جانب سے توہین عدالت کے نوٹس کا جواب آئینی اور قانونی طریقے سے داخل کریں گے۔ الطاف حسین
کراچی میں سانحہ علی گڑھ اور شہدائے مشرقی پاکستان کی قرآن خوانی تقریب سے خطاب کرتےہوئے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے توہین عدالت کے نوٹس پر ہم نہ احتجاج کرینگے اور نہ ہی شور، بلکہ اس کا جواب آئینی اور قانونی طریقے سے داخل کرینگے، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور الطاف حسین پر جھوٹے الزامات لگانے والوں کا انجام لوگ دیکھ چکے ہیں۔ بعض اینکر پرسنز اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے ہم پر قہقہے لگائے گئے کہیں ایسا نہ ہو کہ یہ قہقہے ان کے ماتم میں بدل جائیں۔ الطاف حسین نے کارکنان سے اپیل کی کہ وہ صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور پرامن رہیں، انہوں نے کہا کہ کچھ متعصب لوگوں نے الزام عائد کیا کہ ایم کیو ایم کے لندن سیکریٹریٹ پر اسکاٹ لینڈ یارڈ نے چھاپہ مارا۔ جس روز ڈاکٹرعمران فاروق کا قتل ہوا اس روز ہم نے اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم کو پیشکش کی تھی کہ وہ جس وقت چاہیں تحقیقات کے سلسلے میں سیکریٹریٹ کا دورہ کرسکتے ہیں۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور الطاف حسین نے ہمیشہ دوستی، بھائی چارے اور محبت کا درس دیا ہے۔ جنرل آصف نواز نے بھی ایم کیو ایم کے خلاف آپریشن کرکے غلطی کی۔ اور اب بھی کوئی طاقت ایم کیو ایم ختم کرنے کی خواہش رکھتی ہے تو یہ اس کی بھول ہے۔ کیونکہ ایم کیو ایم صرف اردو بولنے والوں کی ہی نہیں بلکہ تمام زبانوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی جماعت ہے۔