چیئرمین تحریک انصاف نے بھی کراچی میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی حمایت کر دی
شانگلا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چئیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ کراچی میں اگر پولیس ٹھیک ہوتی تو رینجرز کو آنا ہی نہ پڑتا۔ کرپشن چھپانے کیلئے رینجرز کے اختیارات میں توسیع نہیں دی جا رہی۔ کراچی کی پولیس تباہ ہو چکی ہے۔ رینجرز کے بغیر کیسے امن آئے گا؟۔ بعدازاں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شانگلہ کے عوام باشعور ہیں اور اپنے حقوق کے لئے لڑنا جانتے ہیں۔ خیبر پی کے جیسا نظام کسی صوبے میں نہیں ہے۔ نون لیگ اور پیپلز پارٹی نے تحریک انصاف کے دباؤ میں بلدیاتی انتخابات کرائے۔ انہوں نے کہا کہ صحیح بلدیاتی نظام آئے گا تو تبدیلی آئے گی،، تحریک انصاف نے بلدیاتی انتخابات کو منشور کا حصہ بنایا ہے،، تاکہ عوام کو درخواستیں لے کر ایم این ایز اور ایم پی ایز کے پاس نہ جانا پڑے بلکہ آپ کے فیصلے آپ کے اپنے بلدیاتی نمائندے کریں۔ عمران خان نے کہا کہ حکمران بتائیں، ان کے اثاثے کتنے ہیں؟۔ عوام کا پیسہ چوری ہو کر باہر جا رہا ہے۔ نواز شریف اور پرویز مشرف کا بھائی کسی اور کا بھائی نہیں ہو سکتا۔ چئیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ خیبر پی کے میں نیا تعلیمی نصاب لے کر آ رہے ہیں تاکہ غریبوں کے بچے بھی آگے بڑھ سکیں۔