سندھ میں گیس بحران:،پیپلز پارٹی کا احتجاج کا اعلان
کراچی سمیت سندھ میں گیس بحران کے ساتھ ایک اور صبح کا آغاز ہو گیا، پبلک ٹرانسپورٹ نایاب ہے۔ گیس بحران پر پیپلزپارٹی نے وفاقی حکومت کیخلاف مظاہروں کا اعلان کردیا۔کراچی اور لاہور میں گیس بحران سے عوام مسلسل اذیت سے دوچار ہیں، لاہور میں گیس نایاب ہو گئی، مختلف علاقوں میں گیس پریشر انتہائی کم ہونے سے شہریوں کو سخت پریشانی اٹھانا پڑی، قیمت بڑھنے پر ایل پی جی بھی شہریوں کی پہنچ سے باہر ہو گئی۔ سمن آباد، اقبال ٹاؤن، اچھرہ، مزنگ، راج گڑھ، ساندہ، جوہر ٹاؤن، فتح گڑھ، سلامت پورہ اور ہربنس پورہ سمیت مختلف علاقوں میں گیس پریشر انتہائی کم رہا۔
شہریوں نے شکوہ کیا کہ ناشتہ اور رات کا کھانا بازار سے لا نے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ بچے بھی بھوکے سکول جاتے ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی بلیک میں 170 سے 180 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے ۔ریفارئنریز نے فرنس آئل کی پیداوار نصف کرتے ہوئے پاور پلانٹس کو تیل کی سپلائی میں نمایاں کمی کر دی۔ سوئی سدرن نے بھی پاور پلانٹ کیپٹو کو گیس کی سپلائی بند کر دی جس کے باعث آئندہ چند روز میں بجلی کا بحران بڑھنے کا امکان ہے۔