پیپلز پارٹی کو ووٹ دیکر سندھیوں کی زندگیوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی،، منتخب ہوکر ڈاکو راج ختم کریں گے۔ نوازشریف
نوڈیرومیں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ سندھیوں نے حکومت کو اتنی محبت سے ووٹ دیا لیکن پانچ سال گزرنے کے باوجود صوبے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی،قوم کو پتاچل چکا ہے کہ کون ملک کا وفادار اور کون چور ہے۔ انکا کہنا تھا کہ زرداری نے نوڈیرو میں کالج اور یونیورسٹی بنائی ہوتی تو لوگوں کے پاس ڈگریاں ہوتیں، سندھیوں کی نوکریاں رشوت کے بدلے بیچ دی گئیں۔ نون لیگ کے صدر نے کہا کہ اب جو فیصلہ ہوگا وہ ملک کو خوشحالی کی طرف لے جائے گا اور نوجوانوں کی تقدیر بدل دے گا،عوامی فیصلوں سے کراچی میں امن آئے گا،نون لیگ اقتدارمیں آکرسندھ میں ڈاکوراج اور ملک بھر سے کرپشن کا خاتمہ کرے گی نواز شریف نے مزید کہا کہ جو قوم سے دھوکہ کرتے ہیں وہ فیض نہیں پاتے،ہم جو کہیں گے وہ کرکے دکھائیں گے، سندھیوں سے وفا کریں گے دغا نہیں دیں گے۔ جلسے سے غوث علی شاہ اور ممتاز بھٹو نے بھی خطاب کیا، اس سے قبل لاڑکانہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ پانچ برس میں بہت کچھ کیا جاسکتا تھا،لوڈشیڈنگ پربھی قابو پانا بھی ممکن تھا،لیکن ناقص پالیسیوں کی وجہ سےایسا نہیں ہوسکا اور آج ڈالر سو روپے تک پہنچ چکا ہے۔ بعدازاں شکارپورمیں سرداراظہرخان کےگھر انکے والد کی تعزیت کےبعد میڈیا سےگفتگو کرتےہوئے نوازشریف کا کہنا تھا کہ حکومت نےنگران وزیراعظم کیلئےدو نام مانگے ہیں باقی کوئی مشورہ نہیں کیا گیا، حکومت جتنی جلدی ہو نگران وزیراعظم کا اعلان کرے تاکہ عوام میں پھیلی بےچینی ختم ہوسکے۔