دفترخارجہ نے گوادربندرگاہ کے لیے پاک چین تعاون پربھارتی اعتراضات کومسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیرمیں جبرکی پالیسی ترک کرتے ہوئے کشمیریوں کے حق خودارادیت کوتسلیم کرے۔

ترجمان دفترخارجہ نے ہفتہ واربریفینگ دیتے ہوئے کہا کہ افضل گوروشہید کوجس عدالتی عمل کے ذریعے پھانسی دی گئی پاکستان کواس پرتشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیرپر پاکستان کی خارجہ پالیسی تبدیل نہیں ہوئی۔اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیرکا حل چاہتے ہیں۔ دفترخارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ فلسطینی صدرمحمود عباس سولہ فروری کو دو روزہ دورے پراسلام آباد پہنچ رہے ہیں اس دوران صدر آصف علی زرداری سے مسئلہ فلسطین سمیت دوطرفہ امورپرمذاکرات کریں گے۔ انہوں نے دوحہ میں طالبان کے مذاکرات اورکابل میں دس مارچ کومجوزہ پاک افغان علماء کانفرنس کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ دفترخارجہ اس عمل کاحصہ نہیں تاہم امن عمل کی حمایت کرتے ہیں۔