صادق، امین اور ملکی خدمت کرنیوالے کو نا اہل کر دیا گیا۔ نواز شریف
سابق وزیراعظم نواز شریف لاہور میں مولانا راغب نعیمی کے گھر پہنچے، جہاں انہوں نے مولانا حسین نعیمی کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کی، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں 70 سالوں میں ووٹ کا احترام نہیں رہا، صادق، امین اور ملکی خدمت کرنیوالے کو نا اہل کر دیا گیا، ووٹ کا تقدس ہونا چاہیے، مینڈیٹ کی توہین نہیں ہونی چاہیے، ووٹ کا احترام ہوگا توملک ترقی کرے گا، ہمارا بیانیہ لوگوں کے دلوں میں گھرکرچکا ہے، ہمیں ووٹ کا تقدس بحال کرنا ہے اوریہ پیغام ہمیں ملک بھرمیں پھیلانا ہے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ ایک فیصلہ انسان کا اورایک اللہ کا فیصلہ ہوتا ہے، جولوگ انصاف کی کرسی پربیٹھے ہیں اللہ کے سامنے سب سے زیادہ جواب دہ انہیں ہونا ہے، گالی گلوچ اورالزام تلاشی کی سیاست کرنے والوں کو صادق اورامین قراردیا گیا اورہم جوعوام کی خدمت کررہے ہیں انہیں گھربھیج دیا گیا۔ مخالفین کیلئے لمحہ فکریہ ہے کہ انہوں نے منافقت اورجھوٹ کی سیاست کی ہے، عمران خان نے سیاست کوخراب کیا اورگالی گلوچ کا کلچرمتعارف کروایا، انکا کہنا تھا کہ کیا کوئی سوچ سکتا تھا کہ لودھراں میں ایسے نتائج آسکتے ہیں، وہ لودھراں کے عوام کے مشکور ہیں۔