سعودی ولی عہد 2روزہ سرکاری دورے پرہفتہ کواسلام آباد پہنچیں گے
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر ہفتے کو پاکستان پہنچیں گے۔ولی عہد محمد بن سلمان وزرا کی کونسل کے نائب صدر اوروزیر دفاع سمیت حکومت کے اہم عہدوں پر فائز ہیں۔دو روزہ دورے میں ولی عہد کے ہمراہ سعودی شاہی خاندان کے ارکان، اہم وزرا اور ممتاز کاروباری شخصیات سمیت ایک اعلیٰ سطح کا وفد ہمراہ ہے۔ اپریل 2017 میں ولی عہد کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کسی اعلیٰ سعودی شخصیت کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔اپنے دورے میں ولی عہد محمد بن سلمان صدر پاکستان سے ملاقا ت کریں گے۔وہ وزیراعظم اور آرمی چیف سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔توقع ہے کہ ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ادھر سعودی عرب کے وزرا کی کونسل نے پاکستان اور دیگر ایشیائی ملکوں کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔کابینہ نے توانائی' صنعت اورقدرتی وسائل کے وزرا یا انکے نائبین کو اختیار دیا ہے کہ وہ قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کی تعمیر' پیٹروکیمیکل اور ناکارہ اشیا کو دوبارہ استعمال میں لانے اور معدنی وسائل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کرسکتے ہیں۔کابینہ نے سعودی عرب کے سیاحت اور قومی ورثے کے کمیشن کے سربراہ کو نوادرات اور میوزیم کے شعبوں میں تعاون کی یادداشت پر دستخط کرنے کابھی اختیار دیا ہے۔