منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کچھ دیر بعد، آصف زرداری و فریال کی ضمانت کا آخری روز

کراچی کی بینکنگ کورٹ میں میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت آج ہوگی جب کہ کیس میں نامزد پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور سمیت 11 ملزمان کی عبوری ضمانت کا آج آخری روز ہے۔ منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت حاصل کرنے والے سابق صدر آصف زرداری، فریال تالپور اور دیگر ملزمان کی بینکنگ کورٹ پیشی کا امکان ہے جب کہ گرفتار ملزمان انور مجید، عبدالغنی مجید، حسین لوائی اور طحہ رضا کو بھی پیش کیا جائے۔ آصف زرداری اور فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک بینکنگ کورٹ پہنچ گئے، اسی طرح انور مجید کے بیٹے نمر مجید، ذوالقرنین اور علی مجید بھی عدالت پہنچ گئے۔ وزیر بلدیات سندھ سعید غنی بھی بینکنگ کورٹ پہنچنے والوں میں شامل ہیں۔ آج کی سماعت کے دوران بینکنگ کورٹ سے کیس اسلام آباد منتقل کرنے پر دلائل ہوں گے۔