منی لانڈرنگ کیس: آصف زرداری و فریال تالپور کی ضمانت میں 5 مارچ تک توسیع

کراچی کی بینکنگ کورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور سمیت دیگر 11 ملزمان کی عبوری ضمانت میں 5 مارچ تک توسیع کردی۔ میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت بینکنگ کورٹ میں شروع ہوئی تو کیس میں نامزد پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور سمیت 11 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ گرفتار ملزمان انور مجید، عبدالغنی مجید، حسین لوائی اور طحہ رضا کو بھی عدالت کے روبرو پیش کیا گیا، اسی طرح انور مجید کے بیٹے نمر مجید، ذوالقرنین اور علی مجید بھی عدالت پہنچ گئے۔ اس موقع پر آصف زرداری اور فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت نے اپنے موکلان کی عبوری ضمانت میں مزید توسیع کی درخواست کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے 5 مارچ تک توسیع دے دی۔