ترک صدر کی گفتگو نے کشمیریوں کی جدوجہد کو مزید قوت دی ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر
وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ ترکی کے صدر کی گفتگو نے کشمیریوں کی جدوجہد کو مزید قوت دی ہے، بڑے عرصے کے بعد کسی برادر اسلامی ملک کے سربراہ نے پاکستان میں آکر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا،ہم ان کے شکر گزار ہیں۔جمعہ کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ جس طرح ترکی کے صدر نے بات کی اس طرح کی بات چین کی لیڈرشپ کیا کرتی تھی،آج جس طرح ترکی کے صدر نے بات کی ، بڑے عرصے کے بعد کسی برادر اسلامی ملک کے سربراہ نے پاکستان میں آکر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ،ہم ان کے شکر گزار ہیں، راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ ترکی کے صدر کی گفتگو نے کشمیری جو جدوجہد کر رہے ہیں اس کو مزید تقویت دی ہے، راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ اس سے بہتر کوئی بات ہونہیں سکتی تھی جو آج ترکی کے صدر نے کی ہے ،ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور پاکستان کے موقف کی حمایت کی۔