کراچی کیلئے وفاق آئینی ذمہ داری سے بڑھ کر کردار ادا کررہا ہے، اسد عمر
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کراچی کے لیے ایسے متعدد منصوبے ہیں جن پر وفاق اپنی آئینی ذمہ داری سے بڑھ کر اخلاقی ذمہ داری ادا کررہا ہے۔ فائر ٹینڈرز کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے حوالے سے کرنے کے لیے کراچی میں گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسا شہر جو باقی پاکستان کو وسائل فراہم کرتا ہے اس کو چلانے والے ادارے کے یہ حالات ہیں کہ فائر انجنز نہیں ہیں، اگر فائر انجن ہیں تو ڈیزل اورپیٹرول کے پیسے نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں براہ راست ٹیکسز کی مد میں 40 فیصد جبکہ سندھ کا 90 فیصد سے زائد ریونیو کراچی سے اکٹھا ہوتا ہے اور پھر کراچی کی یہ حالات انتہائی افسوسناک بات ہے۔