جنوبی افریقہ کے سابق کرکٹر ہنری ولیمز نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے اور سابق اوپنر ہرشل گبز نے میچ فکسنگ کیس میں سابق کپتان ہنسی کرونیے کے حوالے سے جھوٹا بیان دیا۔
جنوبی افریقہ کے سابق کپتان ہنسی کرونئے کے خلاف میچ فکسنگ کیس میں ہونے والے نئے انکشاف نے ایک مرتبہ پھر کرکٹ کی دنیا میں ہلچل مچا دی ہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے سابق کرکٹر ہنری ولیم نے اعتراف کیا ہے کہ سابق اوپنر ہرشل گبز اور انہوں نے ہنسی کرونیے کے خلاف میچ فکسنگ کے الزام کی تحقیق کے لیے قائم ہونے والے کنگ کمیشن کے سامنے جھوٹا بیان دیا۔ ہنری ولیم نے بتایا کہ گبز اور انہوں نے کنگ کمیشن کے سامنے ہسنی کرونیے پر الزام لگایا تھا کہ سابق کپتان نے انہیں بھارت کے خلاف ناگپور میں کھیلے گئے میچ میں خراب کارکردگی پیش کرنے کے عوض پندرہ ہزار ڈالر کی پیشکش کی تھی۔ ہنری ولیمز کے مطابق انہوں نے وکلا کے دباؤ میں آ کر سابق کپتان کے خلاف بیان دیا جس کا مقصد ہنسی کرونیے کے خلاف کیس کو مضبوط بنانا تھا ۔ میچ فکسنگ کے الزام میں ہنری ولیمز اور ہرشل گبز کو جرمانے اور چھ چھ ماہ کی پابندی کی سزا ملی تھی۔ آئی سی سی نے جنوبی افریقہ کے سابق کپتان کی جانب سے الزامات تسلیم کیے جانے پرانہیں دوہزارمیں لائف ٹائم پابندی کی سزا سنائی تھی۔ ہنسی کرونیے دو ہزار دو میں جہاز کے حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے۔