تحریک منہاج القرآن کا لانگ مارچ اسلام آباد کی حدود میں داخل ہوگیا۔ لانگ مارچ ملین مارچ بن چکا،انقلاب صرف چند گھنٹوں کی دوری پر ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری

تحریک منہاج القرآن کا لانگ مارچ ڈاکٹر طاہرالقادری کی رہنمائی میں اسلام آباد کی دہلیز پر پہنچ گیا ہے۔ شرکاء پاکستانی جھنڈے لہراتے ہوئے موٹرسائیکلوں، کاروں ، بسوں اور ٹرکوں میں سوار ہیں۔ لانگ مارچ گزشتہ روز سہ پہر کو لاہور سے شروع ہوا تھا۔ مارچ شاہدرہ کے راستے جی ٹی روڈ پر بڑھتا ہوا مرید کے پہنچا جہاں اس کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس کے بعد کاررواں کامونکی سے ہوتا ہوا رات بارہ بجے کے قریب گجرات پہنچا۔ گجرات میں رات قیام کے بعد مارچ صبح روانہ ہوا اور لالہ موسیٰ میں ڈاکٹر طاہرالقادری نے پریس کانفرنس کی۔ اس کے بعد جہلم، کھاریاں، دینہ، سرائے عالمگیر، سوہاوہ، گوجر خان کے راستے پنڈی پہنچا۔ راستے میں جگہ جگہ ان کا شاندار استقبال کیا گیا اور شرکاء پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ شدید سردی کے باوجود عوام اس مارچ میں شرکت کررہے ہیں۔ ادھر کارکن ٹولیوں کی صورت میں بلیو ایریا پہنچ رہے ہیں جہاں اسٹیج تیار کرلیا گیا ہے۔ ان میں بزرگ، خواتین، بچے، جوان سبھی شامل ہیں۔ شرکاء نے کمبل، چولہے اور کئی دن کا راشن بھی جناح ایونیو میں اکٹھا کرلیا ہے۔طاہرالقادری اسلام آباد میں حتمی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔