آپریشن ضرب عضب نے دہشتگردوں کی کمر توڑ دی۔۔آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا:نواز شریف
اسلام آباد میں امریکی بزنس کونسل کے وفد سے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اورامریکا کے درمیان قریبی تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک میں تجارت بڑھانے کی ضرورت ہے۔ کونسل کا دورہ پاکستان اورامریکا میں تجارت کو فروغ دے گا۔ انکا کہنا تھا کہ امریکی ایوان صنعت کےساتھ پاکستان کی اچھی شراکت داری ہے۔ امریکا کی پاکستان میں سرمایہ کاری کوقدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم نے دہشتگردی سے چھٹکارے کا تہیہ کرلیا ہے۔ داخلی سلامتی کی صورتحال میں بہتری آرہی ہے۔ امن کے ذریعے ہی معاشی ترقی ممکن ہے۔ عالمی ادارے پاکستان کی ریٹنگ مثبت بتارہے ہیں۔ سرمایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں۔ معاشی ترقی کے لئے ہمیں مل کر کام کرنا ہے۔ ملک میں بجلی کے بحران سے متعلق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں توانائی کی ضروریات پوری کرنےکیلئے کام کررہےہیں۔ دوہزار سترہ کے آخر تک نیشنل گرڈ میں دس ہزار میگاواٹ بجلی شامل کرینگے۔