آستانہ مذاکرات 23 جنوری کو ہوں گے۔ ترکی، دعوت نہیں ملی۔ امریکا
انقرہ ۔ 14 جنوری (اے پی پی) ترک ایوان صدر نے شام میں قیام امن کے لیے آستانہ میں ہونے والے مذاکرات کے لیے 23 جنوری کی تاریخ مقرر کی ہے اور کہا ہے کہ ان مذاکرات میں امریکا بھی شرکت کرے گا۔ دوسری جانب امریکی حکومت نے آستانہ مذاکرات میں شرکت کی دعوت سے لا علمی کا اظہار کیا ہے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق ترک ایوان صدر کے ترجمان ابراہیم کالین نے انقرہ میں صحافیوں کو بتایا کہ آستانہ میں شام پرہونے والے مذاکرات کے لیے 23 جنوری کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں امریکا کوبھی شریک کیا جائے گا۔ادھر دوسری جانب امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے واشنگٹن میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک شام میں قیام امن کے لیے ہونے والی کسی بھی بات چیت کی حمایت کرے گا تاہم آستانہ مذاکرات میں شرکت کے لیے انہیں کسی قسم کی دعوت نہیں ملی ہے۔