سپریم کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس کی اپیلوں کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔
سپریم کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس کی اپیلوں پر تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔ فیصلہ خود چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے تحریر کیا۔ عبوری حکم نامہ چار صفحات پر مشتمل ہے۔ سپریم کورٹ نے سیشن عدالت کی کارروائی معطل کردی۔ تحریری حکم نامے کے مطابق یہ طے کیا جانا ہے کہ مقدمہ انسداد دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے یا نہیں۔ جائزہ لیا جانا ہے کہ اس کیس میں صلح کی کیا قانونی حیثیت ہے۔ عدالت عظمی نے سیشن عدالت میں صلح نامے سے متعلق ہونے والی کارروائی بھی معطل کرکے ملزمان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ عدالت کے مطابق ایس ایس پی کو وارنٹ کی تعمیل کرنے اور ملزمان کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ فیصلے کی نقول ایس ایس پی کو بھیج دی ہیں جس میں ایس ایس پی کو فوری تعمیل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ کیس کی آئندہ سماعت انتیس جنوری کو اسلام آباد میں ہوگی۔